بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی ‘پری ویڈنگ’ تقریبات کا آغاز ہونے جارہا ہے جس میں مہمانوں کی ایک نہیں دو نہیں بلکہ ڈھائی ہزار کھانوں سے تواضع کی جائے گی۔
آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی جبکہ جوڑا رواں سال 12 جولائی کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یکم سے 3 مارچ تک گجرات کے شہر جام نگر میں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی شاندار تقریبات میں مدعو کیے گئے مہمانوں کے لیے ایک شاندار کھانے کا مینیو بنایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقریبات کے لیے 25 سے زیادہ باورچیوں کی ایک خصوصی ٹیم اندور سے جام نگر پہنچے گی۔مینیو میں اندوری کھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ پارسی کھانے سے لے کر تھائی، میکسیکن اور جاپانی پکوان مہمانوں کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تین دنوں تک جاری رہنے والی تقریبات کے دوران مینیو میں کل ڈھائی ہزار کھانے ہوں گے جبکہ کوئی بھی پکوان دوبارہ نہیں دہرایا جائے گا۔