پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی اور عمر ایوب خان بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔
چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن کا کہنا تھا کہ وفاق اور چار صوبوں میں انٹراپارٹی انتخابات ہوئے جس میں پارٹی رہنماؤں نے اپنے پینلز کے ہمراہ حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ بیرسٹر گوہر خان بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ عمر ایوب سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔
صوبوں میں انتخابات سے متعلق رؤف حسن نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا میں پارٹی صدر کے عہدے کے لیے علی امین گنڈاپور جبکہ پنجاب میں یاسمین راشد اور سندھ میں حلیم عادل شیخ بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے کے لیے امیدوار بیرسٹر گوہر کے حق میں دستبردار ہوئے جبکہ بلوچستان کے علاوہ باقی صدور بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن کے مطابق بلوچستان سے تین امیدواروں کے پینل سامنے آئے جہاں منیر بلوچ کے مقابلے میں داؤد شاہ کا پینل کامیاب ہوا اور بلوچستان کی پی ٹی آئی قیادت نوجوان کے ہاتھ میں آگئی۔
رؤف حسن نے نوجوان قیادت کو مبارکباد دی اور مستقبل میں مثبت سیاسی کردار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ اس بار الیکشن کمیشن پارٹی انتخابات تسلیم کرےگا اور انتخابی نشان واپس ملے گا، سنی اتحاد کونسل کے ساتھ معاہدہ ہے کہ انتخابی نشان واپس ملنے پر پارلیمانی پارٹی دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہو جائے گی۔