سربراہ بی این پی(مینگل) سردار اختر مینگل کا کہنا ہےکہ بلوچستان کے عوام کا وفاقی جماعتوں سے اعتماد ختم ہوچکا ہے، ہرجماعت جب اپوزیشن میں ہوتی ہے تو ہم سے زیادہ بلوچستان کی ہمدرد بنتی ہے۔
امیدوار چاہے پی ٹی آئی یا مسلم لیگ کے ہوں وہ وفاقی جماعتوں کے ہیں، پی ٹی آئی نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے رابطہ کیا تھا، پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہماری جماعت نے فیصلہ کیا ہےکہ ووٹنگ میں حصہ نہیں لینا۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکومتی جماعت نے ہم سےرابطہ نہیں کیا نہ ہمیں امید تھی وہ رابطہ کریں گے، رابطہ کرنے سے شاید اقتدار کی کرسی ہلنے لگتی، انہیں رابطہ کرنا بھی نہیں چاہیے وہ ووٹوں کے معاملے میں خودکفیل تھے، صدارتی امیدوار کی سپورٹ سے متعلق پارٹی فیصلہ کرےگی۔
سربراہ بی این پی کا کہنا تھا کہ ہرجماعت جب اپوزیشن میں ہوتی ہے تو ہم سے زیادہ بلوچستان کی ہمدرد بنتی ہے، جب یہ اقتدار میں آتے ہیں تو دوسروں سے زیادہ ہمارے آنسو بہاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اختیار نہ ہو تو چھوٹے صوبوں کے لیے بڑے عہدے بےمقصد ہوتے ہیں، بغیر اختیارات کےکوئی بھی عہدہ بے معنی ہوتا ہے،کون سے صدارتی امیدوار کو ووٹ دینا ہے جلد فیصلہ کریں گے۔