توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی 6 ماہ قید کی سزا کے خلاف انٹراکورٹ اپیل پر چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں سماعت کرنے والا دو رکنی ڈویژن بینچ ٹوٹ گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر کی انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت کی۔
چیف جسٹس نے بتایا کہ دو رکنی بینچ میں سے ایک جج نے ڈپٹی کمشنر کی اپیل پر سماعت سے معذرت کر لی ہے، اب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر کی اپیلوں پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے استدعا کی کہ نئے بینچ کے سامنے عدالت کل کیس سماعت کے لیے مقرر کر دے ۔
انہوں نے کہا کہ سنگل بینچ کے فیصلے کی مصدقہ نقل منسلک کر دی ہے ، رجسٹرار آفس کے اعتراضات بھی دور کیے جائیں۔
چیف جسٹس نے کہا کل تو نہیں اس کے بعد آپ کا کیس مقرر ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ جسٹس بابر ستار نے یکم مارچ کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو سزا کا فیصلہ سنا کر اسے ایک ماہ کے لیے معطل کر دیا تھا اور فیصلے میں کہا تھا کہ اپیل میں ایک ماہ کے اندر فیصلہ معطل نا ہو تو ڈپٹی کمشنر کو ایک ماہ بعد جیل بھجوادیا جائے۔
Keep Reading
Add A Comment