سعودی عرب نے گوادر میں تباہ کن بارشوں کے متاثرین کیلئے 875 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے سعودیہ ریلیف کے تعاون سے بارش متاثرین کیلئے امداد گوادر روانہ کی۔
یہ سامان وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اسلام آباد سے گوادر کے لیے روانہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق 875 ٹن امدادی سامان بذریعہ کنٹینرز اسلام آباد سے گوادرکیلئے روانہ کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ امدادی سامان میں 9 ہزارشیلٹرکیمپس اور 9 ہزار راشن کے بیگز شامل ہیں، یہ گوادر اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے سعودی عرب کا تحفہ ہے، پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات آئندہ بھی مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا کہ ‘میں بلوچستان کی جانب سے خادم حرمین شریفین اور سعودی حکومت کی امداد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، گوادر کے لوگ سیلابی بارشوں سے متاثر ہوئے اور ہم نے ایک ہفتے میں لوگوں کو ریلیف دینا شروع کردیا ہے’۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر میں بارشوں سے بہت تباہی ہوئی ہے، گوادر میں کبھی اتنی بارش نہیں ہوئی جتنی اس بار ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہیں اور بلوچستان کی نئی حکومت تمام چیلنجز سے نمٹے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے 20 دن میں ہر ماہی گیر کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔
Keep Reading
Add A Comment