وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ اس وقت سب سے زیادہ دہشت گردی خیبرپختونخوا میں ہو رہی ہے، جو شہدا کے خلاف بیانات دیتے ہیں ان کا دہشت گردوں سے ضرور کوئی رابطہ ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی زیادہ تر افغان سرزمین سے ہمارے خلاف ہو رہی ہے، جو دہشت گرد افغانستان سے پاکستان آرہے ہیں یہ ہی لوگ ان کو پناہ دیتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فوج جس طرح قربانیاں دے رہی ہے ان کی جتنی عزت کریں کم ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ متحد ہوکرلڑی جاسکتی ہے،کچھ لوگوں نے شہدا کا مذاق اڑایا، انہیں ریٹرننگ افسروں سے تشبیہ دی، شہدا ہمارے محسن ہیں، ملک انہیں کی وجہ سے قائم ہے۔

تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ پارٹی شناخت کھوچکی ہے، یہ سنی اتحاد کونسل ہے یا پی ٹی آئی کچھ پتا نہیں، اسمبلی میں انہوں نے غزہ قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے تمام جماعتوں کے اختلافات رہے لیکن کسی نے یہ رویہ نہیں اپنایا، یہ لوگ اپنی شناخت ڈھونڈرہے ہیں یہ بے نامی پارٹی ہے، ان کے اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ان کے ہاتھ سے اقتدار گیا،جس قسم کے خط امریکی کانگریس کو لکھے جارہے ہیں وہ پاکستان دشمنی ہے۔

Leave A Reply

Exit mobile version