لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ملک وحید کی کالے شیشوں والی گاڑی روکنے پر تھانیدار کا تبادلہ کردیا گیا۔
سب انسپکٹر نے اہلکاروں کے ہمراہ ایم پی اے کی کالے شیشوں والی گاڑی روکی تھی۔ گاڑی مسلم لیگ ن کے ایم پی اےملک وحیدکی تھی اور وہ خود گاڑی میں موجود تھے۔
ایم پی اےملک وحید اور پولیس اہلکاروں کے درمیان گفتگو کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں ملک وحید کہتے ہیں کہ میں ملک وحید ہوں، کوئی ایرا غیرا ایم پی اے نہیں ہوں۔
ایم پی اے ملک وحید اصرار کرتے ہیں کہ کیمرے کے سامنے معافی مانگو ورنہ انجام اچھا نہیں ہوگا۔
ایس آئی یاسر اور اہلکاروں نے ایم پی اے ملک وحید سے معافی مانگی تو جان چھوٹی۔ بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی نے سب انسپکٹر یاسر کا تبادلہ کرکے جوڈیشل ونگ بھیج دیا۔
دوسری جانب رکن پنجاب اسمبلی ملک وحید اعوان کا ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ الیکشن جیتنے کے بعد حلقے میں ریلی کی صورت انجمن تاجران کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا تو پولیس اہلکاروں نے ہماری گاڑیوں کو جان بوجھ کرروکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے بہانے عوام میں ہمارا مذاق بنانے کی کوشش کی گئی، سیاسی ریلی تھی، عوامی نمائندہ ہوں اور عوام کے سامنے تضحیک آمیز رویہ اختیارکیاگیا، پولیس کی زیادتی پرکارکن طیش میں آگئے۔
ان کا کہنا تھاکہ پولیس دوست ہوں،پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں۔