اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی والے آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں تو کبھی یورپی یونین سے الیکشن کی تحقیقات کا کہہ رہے ہیں، اگر آپ کو شکایت ہے تو الیکشن کمیشن یا الیکشن ٹربیونلز میں جائیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک قومی جماعت ہے لیکن رویہ ایسا ہے جیسے چھوٹے بچے آپس میں لڑرہے ہوں، پی ٹی آئی کے رہنما اندرونی سیاست کو چھوڑ کرمیثاق معیشت کے لیے اپنا کردار ادا کریں، آپ کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کبھی یورپی یونین سے الیکشن کی تحقیقات کا کہہ رہے ہیں، اگر آپ کو شکایت ہے تو الیکشن کمیشن یا الیکشن ٹربیونلز میں جائیں، آپ کبھی لابنگ فرمز ہائر کرتے ہیں، آپ کو ڈونلڈ لو نے سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قومی دھارے میں آئے اور یہاں پر سیاست کرے، آپ یورپی یونین سے رپورٹ مانگنے کی بجائے الیکشن کمیشن میں جائیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوادرپورٹ اتھارٹی پر پچھلے دنوں حملہ کیا گیا، اس حملے کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی، کریم جان نامی دہشتگرد گوادر پورٹ اتھارٹی کے حملے میں ملوث تھا اور وہ ہلاک ہوا، یہ تشویشناک بات ہے کہ اگست 2022 سے کریم جان کو مسنگ پرسن ڈیکلیئر کیا جا رہا تھا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ گوادر پر حملہ ہماری معیشت پر حملہ ہے، ملک میں امن قائم کرنے کے لیے حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
احد چیمہ سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ احمد چیمہ کے بچے 3 سال وہاں نہیں پڑھ رہے تھے، جب آپ کے بچے نہیں پڑھ رہے تو نہ پڑھنےکی فیس نہیں دی جاسکتی، قانون اور رولز کے مطابق انہوں نے درخواست دی، درخواست میں کہا میرے بچے وہاں نہیں پڑھ رہے، جب بچے پڑھ نہیں رہے تو فیس کس بات کی ادا کی جائے، اس کو غلط رنگ دیا جارہا ہے، رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیں توپتاچلے۔