واٹس ایپ میں ایک نیا دلچسپ فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو ویڈیو پلے بیک میں مددگار ثابت ہوگا۔
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں نئے ویڈیو پلے بیک کنٹرولز کا اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ نیا فیچر آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ نیا فیچر یوٹیوب کے ویڈیو پلے بیک کنٹرولز سے ملتا جلتا نظر آتا ہے۔
اس فیچر سے صارفین کے لیے ویڈیوز کو 10 سیکنڈ ریوائنڈ اور 10 سیکنڈ فارورڈ کرنے میں مدد مل سکے گی، جس کے لیے انہیں بس اسکرین پر 2 بار کلک کرنا ہوگا۔
ابھی واٹس ایپ پر ویڈیو دیکھتے ہوئے اسے ریوائنڈ یا فارورڈ کرنے کے لیے پروگریس بار پر انگلی کو آگے پیچھے کرنا پڑتا ہے۔
اس فیچر کی آزمائش گزشتہ سال سے کی جا رہی تھی اور اب جاکر اسے صارفین کے لیے پیش کیا گیا۔
واٹس ایپ کی جانب سے ایپل کے ایپ اسٹور میں اس نئی اپ ڈیٹ کو صارفین کے لیے متعارف کرانے کے بارے میں بتایا گیا۔
کمپنی کے مطابق آئندہ چند روز میں یہ فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔۔
البتہ ابھی یہ واضح نہیں کہ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ میں ویڈیو میسج بھیجنے کے عمل کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔
پہلے مائیکرو فون بٹن پر کلک کرکے اس فیچر کو استعمال کیا جاتا تھا مگر اب اسے استعمال کرنے کے لیے کیمرا بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنا ہوگا۔
Keep Reading
Add A Comment