اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیف جسٹس نے فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچے جہاں دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان کی ملاقات چیف جسٹس کے چیمبر میں ہوئی، اس اہم ملاقات میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی شریک تھے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ میں فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا جو کچھ دیر بعد شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر غور کیا گیا اور ججز کے خط کی آئینی و قانونی حیثیت کا جائزہ لیا گیا۔

Leave A Reply

Exit mobile version