نئی دہلی کی عدالت نے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی کے رہنما اور نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ریمانڈ ختم ہونے پر پیر کی صبح عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی حکام نے عدالت کو بتایا کہ اروند کجریوال ان سے تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے اور ان کے سوالوں کے جواب دینے سے ٹال مٹول کررہے ہیں جب کہ انہوں نے تفتیشی حکام کو اپنی ڈیجیٹل ڈیوائسز کے پاس ورڈز بھی نہیں بتائے۔
عدالت میں سماعت کے دوران تفتیشی حکام نے اروند کجریوال کے مزید ریمانڈ کی استدعا نہیں کی جس پر عدالت نے انہیں 15 اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر تہاڑ جیل بھیج دیا۔
عدالت نے جیل منتقلی سے قبل اروند کجریوال سے ان کی اہلیہ سنیتا کجریوال اور پارٹی کے دو وزرا کی ملاقات کرانے کی بھی اجازت دی۔
واضح رہےکہ اروند کجریوال کو شراپ پالیسی کیس میں 21 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا۔