کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پورے سندھ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حب بناکر دنیا میں مثال قائم کریں گے۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ حیدرآباد کے شہری انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید کورسزمفت کریں، نوجوانوں کو جدید ترین فیلڈ میں آنا چاہیے اور یہ موقع ہے کہ وہ کلاؤڈ اپلائیڈ جنریٹیو آرٹیفیشل انٹیلی جنس انجینئر بنیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی فری آئی ٹی کورسز کرائے جارہے ہیں اور اس کیلئے داخلے جاری ہیں، ہرامیدوار کو مفت آئی ٹی کورس کرایا جائے گا، انہیں جنریٹیو اے آئی انجینئرنگ کے سرٹیفیکٹ دیے جائیں گے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم کے ہتھیار سے لیس کیا جائے تاکہ نہ صرف وہ اپنا اور اپنے خاندان کا بلکہ ملک کا مستقبل بھی روشن کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری توجہ سے اگر کوئی اس فیلڈ کو سمجھ لے تو ایسا انجینئر با آسانی گھر بیٹھے 15 سے 20 لاکھ روپے ماہانہ کما سکتا ہے اور اس سے ملک کو بھی غیرمعمولی زرمبادلہ کی رقم حاصل ہوگی۔
کامران ٹیسوری نے بتایا کہ کراچی میں 50 ہزار نوجوان آن سائٹ آئی ٹی کورس کررہے ہیں جب کہ ساڑھے 4 لاکھ یہی کورس آن لائن کررہے ہیں، ان طلبہ میں سے بہت سے ایسے ہیں جنہوں نے تیسرے ماہ ہی سے 200 سے 500 ڈالر کمانا شروع کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اس لیے ان کی کوشش ہے کہ قوم اس فیلڈ میں کہیں پیچھے نہ رہ جائے، آئی ٹی کورسز کا یہ سلسلہ کراچی اور حیدرآباد کے بعد سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔