میٹا کی جانب سے انسٹا گرام میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچرز پر کافی کام کیا جا رہا ہے۔
اس ٹیکنالوجی پر مبنی ایک اور نیا فیچر اس فوٹو شیئرنگ ایپ کا حصہ بن رہا ہے جو زیادہ فالوورز والے صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام کی جانب سے کریٹیر اے آئی نامی چیٹ بوٹ کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
یہ چیٹ بوٹ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سرگرم کریٹیرز کے لیے فالوورز سے براہ راست رابطے کو خودکار کر دے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس چیٹ بوٹ کو صارفین اپنے ڈیٹا سے تربیت دے سکیں گے اور اس کے ذریعے اپنے فالوورز سے ڈائریکٹ میسجز میں رابطے میں رہ سکیں گے۔
درحقیقت یہ چیٹ بوٹ فالوورز سے بات چیت کے دوران صارف کی شخصیت جیسے رویے کا مظاہرہ کریں گے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ چیٹ بوٹ کریٹیرز کی پوسٹس کے کمنٹ سیکشن میں بھی فالوورز سے رابطے میں رہنے میں مدد فراہم کرے گا۔
اس چیٹ بوٹ کی تیاری کا مقصد کریٹیرز کو درپیش ایک عام مسئلے کی روک تھام کرنا ہے جن کے لیے اکثر اپنے فالوورز کے پیغامات کا جواب دینا مشکل ہو جاتا ہے۔
اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو براہ راست انسٹا گرام کے سرچ فنکشن کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
یہ نیا فیچر محدود صارفین کو دستیاب ہے۔
یہ صارفین جب انسٹا گرام کی سرچ بار پر کلک کرتے ہیں تو ان کے سامنے چیٹ ود اے آئی کا آپشن نظر آتا ہے۔
اس آپشن سے صارفین اپنے سوالات پوچھ سکتے ہیں یا تحریری ہدایات دے سکتے ہیں۔
مگر اس کے ساتھ ساتھ میٹا کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کو انسٹا گرام پر نئے مواد کی تلاش میں بھی استعمال کیا جائے گا۔