چند سال قبل دائرہ اسلام میں داخل ہونے والے جنوبی کورین یوٹیوبر اور گلوکار داؤد کم نے کوریا میں مسجد بنانے کا اعلان کر دیا۔
انسٹاگرام پر مسجد کی تعمیر کیلئے خریدی گئی زمین اور کاغذات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے داؤد کم نے جنوبی کوریا کے انچیون میں مسجد کی تعمیر کا اعلان کیا۔
شیئر کی گئی تصاویر میں داؤد کم کو ہاتھ میں مسجد کے کاغذات تھامے تو کہیں مسجد کیلئے خریدی گئی زمین پر ہاتھ پھیلائے سکون محسوس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
داؤد کم کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں درج تھا کہ’ بالآخر میں نے آپ کے تعاون سےانچیون میں مسجد کی تعمیر کے لیے زمین کا معاہدہ کرلیا ہے، یہ جگہ جلد مسجد میں تبدیل ہو جائے گی، یقین نہیں آتا کہ یہ دن آ گیا ہے‘۔
داؤد کم نے لکھا کہ جنوبی کوریا کے شہریوں کے لیے ایک مسجد اور ایک اسلامی پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو بنانے کا ارادہ رکھتا ہوں، یقیناً یہ ایک بہت بڑا اقدام ہے جس دوران بہت سی مشکلات بھی درپیش ہوں گی لیکن مجھے یقین ہے کہ میں یہ کر سکتا ہوں۔
انھوں نے مزید لکھا کہ ایک ایسا دن آئے گا جب کوریا کی ہر گلی خوبصورت اذان کی آواز سے بھر جائے گی جس کیلئے میں اپنی پوری کوشش کروں گا۔
واضح رہے کہ داؤد کم نے ستمبر 2019ء میں اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تھا، داؤد کم کو ’کم کیون وو‘ اور ’جے کم‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔