وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے پراپیگنڈا کرکے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا ہمارے لیے کچھ ممالک کے ساتھ تعلقات کی مذہبی اور معاشی لحاظ سے بہت اہمیت ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے سعودی عرب سے متعلق بیان پر خواجہ آصف کا کہنا تھا مذموم سیاسی مقاصد اور انارکی پھیلانے کے لیے ایسے بیانات دیے جاتے ہیں تاکہ کوئی سرمایہ کاری کے لیے نہ آئے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا یہ ملک کے ساتھ دشمنی ہے، یہ ایک مہم کے تحت کیا جاتا ہے، ان کو احساس ہو رہا ہے کہ ان کی سیاست بند گلی میں داخل ہو چکی ہے، ملک دشمنی کا رویہ پہلے بھی رکھا گیا، یہ ملک میں انارکی چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا یہ پراپیگنڈا کرکے بیانات دے کر دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں، اس سے بڑی ملک دشمنی کوئی نہیں، ان کے ساتھ ملک دشمن جیسا سلوک ہونا چاہیے۔