سندھ حکومت نے خواتین کیلئے 2 ماہ تک پنک بس سروس مفت کرنے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے تحت خواتین کے لیے مخصوص پنک بسوں کے نئے فلیٹ کی شمولیت سے متعلق تقریب کا انعقاد ہوا۔
تقریب میں رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور،صوبائی وزراء شرجیل میمن،ناصر شاہ اور میئر مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔
صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی خواہش پر سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے خواتین کیلئے دوماہ تک پنک بس سروس مفت کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس پر تقریب میں موجود شرجیل میمن نے موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے جو وعدے کیے وہ پورے کیے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں خواتین کے لیے مخصوص بسوں کا آغاز کیا گیا،خواتین کے لیے مخصوص 10 نئی بسوں کے اضافے کے بعد پنک بسوں کی تعداد 28 ہوگئی۔
اس کے علاوہ فریال تالپور تقریب سے خطاب میں کہا کہ خواتین کے لیے مخصوص پنک بس چیئرمین بلاول کا ویژن ہے، خواہش ہے کہ پنک بس سروس خواتین کے لیے بالکل مفت ہو۔
انہوں نے کہا کہ پنک بس سروس وقت کی ضرورت تھی، تھر کی عورتیں بسیں اور ٹرک چلاتی ہیں، خواتین کے کام سے سماج اور سوچ میں بہتری آئے گی۔
فریال تالپور کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے دو ماہ کیلئے پنک بس سروس مفت کر دی ہے۔