وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) علی امین گنڈا پور کا کہنا ہےکہ باجوڑ کے ضمنی الیکشن میں ووٹرز نے جو فیصلہ کیا اس کا احترام کرتے ہیں، باجوڑ کے ضمنی الیکشن سے ثابت ہوا کہ صوبائی حکومت نےکوئی مداخلت نہیں کی۔
پشاور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ کوئی ثابت کردے کہ ہم نے سرکاری سطح پر کسی پرکسی قسم کا دباؤ ڈالا ہو، بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق ہم نے جمہوری طریقے سے الیکشن لڑا، عوام نے ووٹ دیا اور اپنے نمائندے چنے، ہم عوام کو مبارک باد دیتےہیں، ہم نے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا ۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ غیر قانونی حرکات ہم بھی کرسکتے تھے، لیکن ہم دو نمبر لوگ نہیں، ہم نے فری اینڈ فیئر الیکشن لڑا، باجوڑ کےضمنی الیکشن میں ووٹرز نے جو فیصلہ کیا اس کا احترام کرتے ہیں، باجوڑ کے ضمنی الیکشن سے ثابت ہوا کہ حکومت نےکوئی مداخلت نہیں کی، ضمنی الیکشن میں پنجاب میں جنرل الیکشن سے زیادہ ووٹ پڑے، ہم نےکسی امیدوار کے لیے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ وفاق سے ایک خط آیا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی چوری ہو رہی ہے، وفاق کو خط بھیجنے سے پہلے خیبرپختونخوا حکومت سے بات کرنا چاہیے تھی، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، میں اپنے صوبےکے عوام کی ذمہ داری لیتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں، ہمارے لیے چور کا لفظ استعمال نہ کریں، ہمارے صوبے میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، بات چیت سے قبل ہی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، آئی جی طریقہ کار طے کرنے سے قبل بجلی چوری پر مقدمات نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے صوبے کا حق نہیں لے سکا تو مجھے کرسی پر بیٹھنےکا کوئی حق نہیں، جتنے بھی لوگوں پر 9 مئی کی جھوٹی ایف آئی آرز ہیں وہ ختم کرکے دکھاؤں گا، عوام سے کہتا ہوں کہ اگر کوئی رشوت مانگتا ہے تو رکاوٹ بنیں۔