چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف اور ایرانی صدر کی ملاقات میں بنیادی طور پر باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص علاقائی امن، استحکام اور سرحدی سلامتی پر بات چیت ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نے علاقائی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں، دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا جبکہ آرمی چیف نے پاک ایران سرحد کو “امن اور دوستی کی سرحد” کے طور پر بیان کیا۔
آرمی چیف نے دونوں پڑوسی ممالک کو دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کے لیے سرحد کے ساتھ بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور ایران دونوں اقوام اور خطے کے لیے امن و استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔