کراچی میں تاجروں نے وزیراعظم شہباز شریف کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بات چیت کرنے کی تجویز دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کراچی کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی، سندھ حکومت کے ساتھ اجلاس کیے بعد ازاں کراچی کی کاروباری برادری سے بھی خطاب کیا۔
تاجروں سے ملاقات میں کاروباری شخصیات نے انہیں عمران خان سے بات چیت کرنے کی تجویز دے دی۔ تاجروں نے وزیراعظم کو بھارت سمیت دیگر پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر کرنے کی بھی تجویز دی۔
عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا میں چاہتا ہوں آپ مزید ہاتھ ملائیں، ایک ہاتھ پڑوسی ملک بھارت سمیت دیگر ممالک سے ملائیں اور ایک ہاتھ اڈیالہ جیل کے باسیوں سے ملائیں، آپ نے اسٹاک مارکیٹ کو اوپر پہنچایا مگر بجلی کی قیمت بھی کم کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں بزنس کمیونٹی کی ضرورت ہے آپ لوگ آگئے آئیں، تہیہ کرلیں کہ پانچ برس میں ایکسپورٹ کو دگنا کرنا ہے، پاکستانی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا اسے آگے لانا ہے، اسمگلنگ کے خاتمے پر زور دے رہے ہیں اس کی وجہ سے ریونیو کم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے یقین دلاتا ہوں نجکاری شفاف ہوگی، حکومت کا کام انڈسٹری چلانا نہیں پالیسی بنانا ہے انڈسٹری چلانا تاجروں کا کام ہے جس کے لیے تاجروں کے جائز مطالبات پورے کریں گے، تاجروں کی توجہ ایکسپورٹ بڑھانے پر ہونی چاہیے تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، تاجروں کے مشورے سے اچھی پالیسیاں بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سے غرض نہیں کہ کسی صوبے میں کسی کی حکومت ہے ہمیں ذاتی پسند سے بالاتر ہوکر اکٹھا ہوکر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا، ہم کسی پر الزام تراشی نہیں کرسکتے ہمیں اپنی گریبان میں جھانکنا ہوگا۔