کراچی کے دورے کے دوران ایک تقریب میں تاجروں اور کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس سے غرض نہیں ہونی چاہیے کہ کس صوبے میں کس کی حکومت ہے، ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر پاکستان کے مفاد کے لیے اکھٹے ہوجائیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کا بڑا وفد پاکستان آرہا ہے، آپ لوگ اُن کے ساتھ مل کر بیٹھیں، کاروبار کریں، آپ ہمارا ساتھ دیں ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔
تاجروں نے وزیراعظم کو بھارت سمیت پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے اور بانی پی ٹی آئی سے بات چیت کی تجویز بھی دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کراچی میں وفاقی اور صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وفاقی و صوبائی وزرا کو مل کر کام کرنے کی ہدایت بھی کی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور صوبے کے انتظامی امور، امن و امان، وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور کاروباری برادری کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی آمد پر مزار قائد پر حاضری دی اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے پاکستان کی خدمت اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا حلف لیا۔