لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برسانے والا سسٹم موجود ہے، آج پنجاب اور لاہور کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گرمی کے ستائے افراد کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 30 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق 30 اپریل تک پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، 26 سے 28 اپریل جنوبی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم ، چکوال، منڈی بہاء الدین، گوجرانولا، گجرات میں بارشیں ہوں گی، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، پاکپتن اور ساہیوال میں بارشیں ہوں گی، بیشتر اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ صحت آب پاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو الرٹ جاری کر دیا ہے، انفارمیشن ڈپارٹمنٹ واسا پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے۔

Leave A Reply

Exit mobile version