سندھ کے سینیئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات نہیں ڈیل کی درخواستیں دے رہی ہے، مگر ادارے تیار نہیں۔

پی ٹی آئی رہنمائؤں کی جانب سے اسلام آباد پر قبضے اور اداروں سے مذاکرات کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک طرف اداروں کے خلاف مہم چلا رہی ہے دوسری طرف منتیں ترلے کر رہی ہے، داخلی گروہ بندی کا شکار پی ٹی آئی کے اندر ہر گروہ کا اپنا الگ بیانیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وزیر اعلیٰ دہشتگردوں کی طرح اسلام آباد پر چڑھائی کی دھمکیاں دے رہا ہے، اسلام آباد پر قبضے کی دھمکی سے ثابت ہوگیا کہ پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ کے عزائم دہشتگردانہ ہیں۔
اپنے بیان میں سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پہلے سوشل میڈیا پر دہشتگردی کرتے رہے، اب دارالخلافہ میں دہشت گردی کی باتیں کر رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے پی ٹی آئی کا ہر گروہ ڈیل کی درخواستیں دے رہا ہے، اداروں کے خلاف مہم چلانے والے کس منہ سے اداروں سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پہلے اداروں کے خلاف مہم چلائی اور اب ان کو سیاست میں دھکیل کر متنازعہ بنانا چاہتی ہے، شہریار آفریدی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کیسے عوام کو بے وقوف بنا کر اداروں سے لڑواتے ہیں، عمران خان کی جماعت اہم ملکی اداروں کو تباہ کرنے کی تگ و دو میں ہے۔

Leave A Reply

Exit mobile version