سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرا بانی سمیت کسی پی ٹی آئی رہنما سے رابطہ نہیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مذاکرات پر شبلی فراز ہی کچھ کہہ سکتے ہیں، آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کا کوئی عہدہ نہیں، نائب وزیرِ اعظم جاتی امرا کا آئین ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ماہ اقتصادی تباہی کی طرف لے جائیں گے، صنعت کار سرمایہ دار پہلے ہی رو رہا تھا اب کاشتکار بھی رو رہا ہے، گندم کی خریداری شروع ہی نہیں ہوئی، اب تو حال یہ ہے کہ محلہ کی دکان والا بھی ادھار نہیں دے رہا۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں پر الزامات ثابت نہیں ان کو جیلوں سے رہا کیا جائے، نیب گندم سکینڈل کا فوری نوٹس لے، حکومت کو پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی، سیاست دو ماہ میں اپنا رنگ دکھائے گی۔