مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں کسان سے گندم خریدنے کیلئے جعلی حکومت کے پاس کوئی پلان نہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گندم کی سرکاری خریداری نہ ہونے پر کسان پریشان ہیں، سڑکوں پر گندم کے ڈھیر لگے ہیں لیکن حکومت خریدنے کے وعدوں سے مکر گئی، پنجاب میں کسانوں کی تباہی پر حکومت سیاست کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسان کو گندم میں 900 روپے فی من نقصان ہو رہا ہے، پنجاب میں کسانوں کیلئے جعلی وزیر اعلیٰ کے دعوے بھی جعلی ثابت ہوگئے، ویڈیوز کے بجائے گوالمنڈی کی راج کماری جنوبی پنجاب کے کسانوں پر توجہ دیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں کسان رل گئے اور گوالمنڈی کی راج کماری تندوروں کے دورے کر رہی ہیں، تندوروں کے دوروں کے بہانے وہ گول گول روٹیاں بنانا تو سیکھ جائیں گی۔