وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔
فیلڈ ہسپتالوں کے پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتالوں کا منصوبہ کامیاب بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، میں نے اور نواز شریف نے ایک خواب دیکھا تھا کہ لوگوں کو صحت کی سہولت گھر کی دہلیز پر میسر ہو آج وہ خواب پورا ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ 6 ہفتوں میں چاروں اطراف فیلڈ ہسپتال کھڑے کردیئے، فیلڈ ہسپتال دیہی علاقوں میں بھی پہنچیں گے، فیلڈ ہسپتال وہاں سہولت فراہم کریں گے جہاں کوئی ہسپتال نہیں،فیلڈ ہسپتال میں عوام کو طبی سہولیات میسر ہوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتالوں میں او پی ڈی، حفاظتی ٹیکہ جات اور زچہ بچہ کی سہولت میسر ہو گی، فیلڈ ہسپتال میں لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی ہوں گی، ایمرجنسی کی صورت میں سرجری کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، آج سے پہلے کنٹینرز صرف جلاؤ ، گھیرا ؤ اور بل پھاڑنے کیلئے استعمال ہوتے تھے، اب فیلڈ ہسپتالوں میں عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی ہو گی، فیلڈ ہسپتالوں میں وہ تمام سہولیات میسر ہوں گی جو ایک کلینک میں ہوتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 32 فیلڈ ہسپتال آج پنجاب بھر میں پھیل جائیں گے، آج پہلے فیلڈ ہسپتال کے ساتھ بہاولپور جار ہی ہوں، میری ویڈیوز پر تنقید کرنے والے کمروں سے نکل کر عوام کی خدمت کریں تاکہ ان کی بھی ویڈیوز بنیں ، یہ سب کچھ نواز شریف کا ویژن ہے میں تو ان کے نقش قدم پر چل رہی ہوں۔