سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے رواں سال کے 4 ماہ کے دوران مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری کردی۔
فہرست میں 11 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے نام اور تصاویرشامل ہیں، لکی مروت سے 5 ، بنوں سے 4 ، شانگلہ سے ایک اور سین تنگہ جانی خیل سے ایک دہشت گرد کا نام فہرست میں شامل ہے۔
مطلوب 11 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت ایک کروڑ 31 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، فہرست میں لکی مروت کے دہشت گرد حبیب اللہ عرف سیف اللہ کے سرکی قیمت 50 لاکھ روپے جبکہ بنوں سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد محمد جمیل کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر ہے۔
لکی مروت کے محمد گل عرف ساقی کے سر کی قیمت 10 لاکھ، بنوں سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد زابد اللہ عرف چگ کے سرکی قیمت 10 لاکھ مقرر کی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی نے گزشتہ سال مطلوب دہشت گردوں کی 3 فہرستیں جاری کی تھی، گزشتہ سال سی ٹی ڈی نے کُل 294 مطلوب دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقررکی تھی۔
سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے اب تک 305 مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقررکی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق حالیہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔