سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے درمیان سوشل میڈیا پر گرما گرمی ہوگئی۔
نیب کی جانب سے ایل این جی کیس واپس لینے کے بعد مفتاح اسماعیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ پاکستانی سیاست میں فکری دیانت اور اخلاقی جرأت ناپید ہے ، پی ٹی آئی کے کسی لیڈر نے شاہد خاقان یا انہیں بریت پر مبارک باد نہیں دی نہ اپنے کردار پر معذرت خواہ ہوئے ۔
اس پر پی ٹی آئی رہنما حماداظہر نے لکھا کہ سب سے بری چیز جو کسی کے ساتھ ہو سکتی ہے وہ ہے جھوٹا الزام، جس کے باعث اسے کردار کشی جیسی سختیاں جھیلنی پڑیں ، مفتاح بھائی، آپ نے 9 مئی کے بعد ان ہزاروں افراد کے لیے آواز نہیں اٹھائی جنہیں جھوٹے الزامات، قید اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
مفتاح اسماعیل نے جواب میں لکھا کہ حماد بھائی مجھے آپ سے فکری دیانت اور اخلاقی جرأت کی امید تھی،کیونکہ آپ اور اسدعمر جانتے تھے کہ میں نے اور شاہد خاقان عباسی نے کوئی بدعنوانی نہیں کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی نیب ریفرنس واپس لے لیا۔
عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور عبداللہ خاقان بھی ریفرنس سے بری ہوگئے۔
ایل این جی ریفرنس سے بری ہونے والوں میں چیئرمین اینگروگروپ حسین داؤد، ڈائریکٹر اینگروگروپ عبدالصمد داؤد بھی شامل ہیں۔