کراچی میں پیپلز بس سروس کے آٹو میٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم کا افتتاح کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیپلزبس سروس کے آٹو میٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم کا افتتاح کیا۔

پیپلز بس سروس کی انتظامیہ کے مطابق آٹو میٹڈ فیئر کلیکشن سسٹم سےکارڈ کے ذریعے کرایہ ادا کیا جا سکے گا، اسمارٹ کارڈ سے پیپلز بس سروس کے اسٹاپ پر قائم مقررہ اسٹال سے مفت حاصل کیا جاسکے گا۔

اس حوالے سے وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ کے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید کرنے جا رہے ہیں، سندھ کے عوام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے سفر کو آسان بنایا جا رہا ہے، آٹومیٹڈ سسٹم سےکرایےکی کلیکشن میں شفافیت ہوگی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ دنیا میں چند ممالک میں صرف خواتین کیلئے مخصوص بس سروس ہے، دو تین سال میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود سندھ کے لوگ 50 روپے میں 35 سے 40 کلو میٹر کا سفر طے کر رہےہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ہم نے کرائے نہیں بڑھائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نہ چاہتے ہوئے بھی بس سروس کے کرایے بڑھانے کی سمری پر دستخط کیے، کرایہ بڑھانے کی سمری وزیراعلیٰ کوپیش کی تو انھوں نےکہا کہ کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا، سندھ حکومت سبسڈی دےگی۔

وزیر اطلاعات نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ نگران حکومت کے دور میں ریڈ لائن بی آر ٹی پروجیکٹ کا کام رکا رہا، اورنج لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی پر بھی کام کر رہے ہیں جبکہ یلو لائن بی آر ٹی پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا پیپلزبس سروس مزید اضلاع میں شروع کی جائےگی، روٹ نمبر ون اور روٹ نمبر 9 میں یہ کارڈ چلے گا، پیپلز بس اور ای وی سروس کے مزید روٹس شروع کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Exit mobile version