راولپنڈی میں کروڑوں روپے کی اراضی کا قبضہ حاصل کرنے کیلئے متروکہ وقف املاک بورڈ اور میونسپل کارپوریشن آمنے سامنے آگئے۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے بوہڑ بازار میں متروکہ وقف املاک کی اراضی پر ناجائز قبضہ کیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بوہڑبازار میں آریہ سماج کی پراپرٹی متروکہ وقف املاک کی ملکیت ہے۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کے مطابق کمشنر اور پولیس کو درخواست بھی دی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، میونسپل کارپوریشن کے ناجائز قبضےکے خلاف عدالت سے تین بار حکم امتناع جاری ہوا۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی چھڑانے کیلئے ایف آئی اے کو خط بھی لکھا جس میں انہیں بتایا کہ ون مین کمیشن اور سیشن عدالت اراضی کو متروکہ وقف املاک بورڈ کی ملکیت قرار دے چکی ہے۔
دوسری جانب میونسپل آفیسر علی عمران کا کہنا ہے کہ بوہڑبازارمیں سرکاری اراضی کا قبضہ 1987 سے کارپوریشن کے پاس ہے، متعلقہ اراضی مینوسپل کارپوریشن کی ہے متروکہ وقف املاک بورڈ کی نہیں اور ہمارے پاس اس حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔