جنوبی افریقا میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے 5 افراد ہلاک اور درجنوں ملبے تلے دب گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے (بی بی سی) کے مطابق عمارت زمین بوس ہونے کا واقعہ جارج شہر میں پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملبے سے 26 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے جب کہ 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے میں 50 کے قریب افراد دبے ہوئے ہیں جن کو ریسکیو کرنے کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریسکیو عمل میں 100 ریسکیو ورکرز کے ساتھ ساتھ سونگھنے والے ماہر کتوں کی بھی مدد حاصل کی گئی ہے جب کہ ملبہ ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری کا استعمال بھی کیا جارہا ہے۔