بھارت میں عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابات کے تیسرے مرحلے میں آج 11 ریاستوں کی 93 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے جہاں مجموعی ٹرن آؤٹ 61.45 فیصد رہا۔
تیسرے مرحلے میں ریاست گجرات کی تمام 25 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی گجرات کے شہر احمد آباد میں ووٹ ڈالا۔
ریاست گجرات سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور وزیر داخلہ امیت شاہ تیسرے مرحلے کے اہم امیدوار تھے۔
انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایک ہزار 331 امیدوار قسمت آزما رہے تھے، بھارتی انتخابات کے چوتھے مرحلے کے لیے پولنگ 13 مئی کو ہوگی۔
بھارت میں سات مراحل میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کا اعلان چار جون کو کیا جائےگا۔