آزاد کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی منظوری سے متعلق معاہدہ طے پاگیا۔
چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کے مطابق آل جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں اور مطالبات کی منظوری سے متعلق معاہدہ بھی طے پاچکا ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کی فی من قیمت 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور 20 کلو آٹے کی قیمت ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے، 100 سے 300 یونٹ تک 5 روپے اور 300 سے زائد پر 6 روپے فی یونٹ قیمت مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمرشل 300 یونٹ تک 10 روپے اور 300 سے زائد پر 15 روپے فی یونٹ قیمت مقرر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر آزاد کشمیر میں احتجاج ہوا اور مختلف شہروں سے قافلوں نے لانگ مارچ کیا۔
آزاد کشمیر میں احتجاج اور تصادم کے دوران کئی مظاہرین زخمی ہوئے اور ایک پولیس اے ایس آئی بھی جاں بحق ہوا۔