وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ آئین توڑنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، آرٹیکل 6 لگانے کا آغاز فیلڈ مارشل ایوب خان سے کیا جانا چاہیے، ایوب خان کی لاش کو قبر سے نکال کر پھانسی دی جائے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، فیلڈ مارشل ایوب خان نے ایک جمہوری حکومت کا تختہ الٹا تھا۔
خواجہ آصف کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے احتجاج اور شور شرابا کیا۔ فیلڈ مارشل ایوب خان کے پوتے اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے خواجہ آصف کی تقریر کے دوران احتجاج کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اسپیکر صاحب، اپوزیشن کو مرچیں لگ رہی ہیں، مرچیں لگنی چاہئیں، سب سے پہلے حلف کی خلاف ورزی ایوب خان نے ملک کا پہلا مارشل لاء لگا کرکی تھی۔
اس دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بولنے کی کوشش کی تو اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ گوہر صاحب آپ کو مائیک نہیں ملےگا، صرف پارلیمانی لیڈر کو ملےگا، عمر ایوب کی تقریر حکومتی بینچوں نے سکون سے سنی ہے، اب اپوزیشن بھی خواجہ آصف کو سنے۔