وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کا جن قابو میں آ رہا ہے اور بیرونی سرمایہ کاری دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈ توڑ رہی ہے لیکن تحریک انتشار کو یہ ہضم نہیں ہورہی۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر لیگی رہنما امیر مقام کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر پرچہ کیوں نہیں ہوتا؟ وہ تینوں 9 مئی کو وہاں موجود تھیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جو پولیس والے شہید ہوئے ان کے خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے، آزاد کشمیر کا ایک خصوصی اسٹیٹس ہے اور وفاقی حکومت کی گرانٹ سے آزاد کشمیر حکومت کے معاملات چلائے جاتے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کا جن قابو میں آ رہا ہے اور بیرونی سرمایہ کاری دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، اسٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈ توڑ رہی ہے، مہنگائی میں کمی تحریک انتشارسمیت کسی کو ہضم نہیں ہورہی۔

اس موقع پر امیر مقام کا کہنا تھا کہ 9 مئی پر معذرت کریں اور 9 مئی کو تسلیم کریں، پاکستان اور کشمیریوں کی جیت ہوئی ہے، یہ پلان جن لوگوں نے بنایا تھا ان کا خیال تھا کہ لاشیں گریں گی۔

Leave A Reply

Exit mobile version