آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی پاکستان ہاکی ٹیم سے ملاقات کی اور غیرمعمولی پرفارمنس پر انہیں سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچے، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قومی ہاکی ٹیم کا خیر مقدم کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔ آرمی چیف نےہاکی ٹیم کی غیرمعمولی کارکردگی پر سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہاکی ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، ہاکی ٹیم کو مسلسل کامیابیاں یقینی بنانے کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے کھلاڑیوں کے مستقبل کی کوششوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر ملاقات میں صدر پی ایچ ایف طارق حسین بھی شریک تھے، جنہوں نے ملاقات اور بات چیت کے موقع کیلئے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والی قومی ٹیم فائنل میں جاپان سے پنالٹی شوٹ پر ہار گئی تھی، قومی ٹیم ٹائٹل نہ جیت سکی لیکن مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا۔
قومی ٹیم ٹورنامنٹ فائنل کے علاوہ کوئی میچ نہيں ہاری ، لیگ میچز میں 3 جیتے اور 2 ڈرا ہوئے ، ناکامیوں میں گھری پاکستان ٹیم کی غیر معمولی پرفارمنس دیکھنے میں آئی اور ٹیم 13 سال بعد اذلان شاہ ٹورنامنٹ کافائنل کھیلنے میں کامیاب ہوئی۔