آزاد کشمیر میں مظاہرے کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق پولیس کے سب انسپکٹر عدنان قریشی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی۔
رپورٹ کے مطابق سب انسپکٹر عدنان قریشی کو پشت پر گولی لگی ، ان کو گولی کندھے کے اوپر لگی اور دل کے قریب سے نکلی۔
سابق صدر سپریم کورٹ بار راجہ انعام اللہ خان ایڈووکیٹ نے الزام لگایا ہے کہ سب انسپکٹر کی موت پولیس کی فائرنگ سے ہوئی ، سب انسپکٹر کو گولی پشت سے لگی اور پیچھے پولیس فورس تھی۔
ایس ایس پی میرپور کا کہنا ہے کہ کیس پر تحقیقات ہورہی ہے ، جلد حقائق سامنے لائیں گے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آزادکشمیر میں مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس میں تصادم کے باعث متعدد مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے، فائرنگ سے ایک سب انسپکٹر جاں بحق ہوا تھا۔