خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے سیاحوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

زاہدچن زیب نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز چترال کے سیاحتی مقامات سے ہوگا اور اس کے بعد دیگر سیاحتی مقامات پر بھی ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائیگی۔

مشیر سیاحت کے پی نے کہا ہے کہ نتھیا گلی میں ایلیٹ ایڈوانچر تھیم پارک کا افتتاح کر دیا گیا ہے، پارک میں 8 آؤٹ ڈور اور 40 انڈور سیاحتی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان ٹورازم اتھارٹی کے پی سعد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جو سیاح ہیلی کاپٹر کو استعمال کریں گے اس کے اپنے چارجز ہوں گے، اس حوالے سے ایوی ایشن والوں کے ساتھ بات چیت ہوگی اور اس کے بعد شیڈول طے ہوگا اور کرایہ مختص کیا جائے گا۔

ترجمان ٹورازم اتھارٹی کے پی نے کہا کہ چترال میں دو ہفتے سروس کے بعد گلیات، مانسہرہ، ناران اور کاغان سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر بھی سروس شروع کی جائیگی۔

Leave A Reply

Exit mobile version