پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کیلئے ابتدائی انتظامات پر گفتگو کی گئی ہے۔

سعودی میڈیا کا کہنا ہےکہ سعودی ولی عہد کے دورے کی تاریخ کا تعین بعد میں دونوں ملکوں کے اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران دی تھی اور اسے شہزادہ محمد بن سلمان نے قبول بھی کرلیا تھا۔

تاہم کچھ روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان اب ایک ماہ سے زائد مدت کے لیے مؤخر ہوگیا ہے۔

اس سے قبل سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی ولی عہد 19 مئی کو پاکستان کے دو روزہ دورے پرآئیں گے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ ان کا یہ دورہ اس وقت تک مؤخر ہوگیا ہے جب تک کہ دونوں فریقین باہمی رضامندی سے نئے عبوری شیڈول کا تعین نہیں کرلیتے ۔

Leave A Reply

Exit mobile version