امریکا نے بنگلادیش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 6 رنز سے ہرا دیا اور 3 میچز پر مشتمل سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
بنگلادیش کی ٹیم ان دنوں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کیلئے دورہ امریکا پر موجود ہے۔
جہاں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو ایک بار پھر آؤٹ کلاس کرتے ہوئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست سے دوچار کر دیا۔
ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ پر 144رنز بنائے، مونانک پٹیل نے 42، ایرن جونس نے 35 اور اسٹیون ٹیلر نے 31 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے ارشاد حسین، شرف الاسلام اور مستفیض الرحمان نے 2، 2 وکٹیں لیں۔
145 رنز کے ہدف کے جواب میں بنگلادیش کی ٹیم آخری اوور میں 138 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، نجم الحسین نے 36 اور شکیب الحسن نے 30 رنز بنائے۔ یوں امریکا نے بنگلادیش کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 6 رنز سے ہرادیا۔
امریکا کی جانب سے علی خان نے 25رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، سوراب اور شیڈلے نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
امریکا کو تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے بنگلادیش کو سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی ٹاپ ٹین رینکنگ کی ٹیم کے خلاف امریکا نے پہلی فتح حاصل کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔