پنجاب میں گرمی بڑھتے ہی ڈائریا اور گیسٹرو کے کیسز بڑھنے لگے، سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں ایسے مریضوں کا رش معمول سے زیادہ ہو گیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈائریا اور گیسٹرو کے 21 ہزار 373 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرمی بڑھتے ہی سرکاری اسپتالوں میں ڈائریا اور گیسٹرو کے زیادہ مریض آنے لگے۔
لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 721 ،فیصل آباد میں ایک ہزار 583، ملتان میں ایک ہزار 248 اور گوجرانوالا میں ایک ہزار 143 ڈائریا اور گیسٹرو کے کیسز او پی ڈیز میں رپورٹ ہوئے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پنجاب میں گیسٹرو کے ایک لاکھ 23 ہزار 279 کیسز اور ڈائریا کے ایک ہزار 656 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔