سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ایک ماہ میں 29 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے ان دہشتگردوں سے بڑی تعداد میں غیر ملکی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ 14مئی کو سمبازہ ضلع ژوب میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 3 دہشتگرد مارے گئے، دہشتگردوں سے پی کے ایم مشین گن، رائفل گرینیڈ، راکٹ، ہینڈگرینیڈ برآمد ہوئے، دہشتگردوں سے ایم 16/اے فور اور آرپی جی راکٹ بھی برآمد ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 29اپریل کو ضلع خیبر میں آپریشن میں 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، اس آپریشن میں ایم فور/اے 1، اے کے-47، اسلحہ،گولہ بارود برآمد ہوا۔
ذرائع کے مطابق 24 اور 25 اپریل کو ضلع خیبر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے جن میں دہشتگرد سہیل عرف عظمتو اور سرغنہ حاجی گل عرف زرکاوی شامل تھے، ہلاک دہشتگردوں سے غیر ملکی اسلحہ ایم 16/اے فور، اے کے-47 اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ 22 اور 23 اپریل کی رات ضلع پشین میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن میں 3 دہشتگرد مارےگئے اور ایک دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتارہوا جس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی، دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد غیر ملکی اسلحے میں ایم 16/اے فور،اے کے-47،ہینڈ گرینیڈ شامل تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 06 اپریل کو ضلح شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نےانٹیلی جنس آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا، دہشتگردوں سےغیرملکی ایم 16/اے فور،اے کے-47، ہینڈ گرنیڈ اوردیگر اسلحہ ملا۔