سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے اسرائیل کے لیے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ضروری قرار دے دیا۔
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے کہا اسرائیل کا فلسطینی ریاست کے وجود کو تسلیم کیا جانا ضروری ہے اور یہ اس کے مفاد میں بھی ہے۔
انہوں نے کہا اسرائیل تسلیم کرےکہ وہ فلسطینی ریاست کے وجود کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا مگر یہ حقیقت ہے کہ موجودہ اسرائیلی حکومت اس بات کو نہیں سمجھ رہی اور یہ تشویش کی بات ہے۔
فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ مغویوں کی رہائی ہونی چاہیے، دو ریاستی حل فلسطین اور اسرائیل دونوں کے مفاد میں ہے، فریقین کو چاہیے کہ فوری مذاکرات کریں، غزہ کے لوگ زیادہ انتطار نہیں کرسکتے۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل یہ فیصلہ نہیں کرے گا کہ فلسطینیوں کو حق خود ارادیت ملے گا یا نہیں بلکہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین سے جڑا ہے، یہ بہت ضروری ہے کہ اسرائیل تسلیم کرے کے فلسطینی ریاست کے وجود کے بغیر اسکا وجود بھی نہیں ہوسکتا۔