وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) انٹرپول اور امیگریشن کے عملے نے تخریب کاری جیسے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم راؤ حبیب الرحمان پنجاب پولیس کو مطلوب ہے، ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے کراچی ائیرپورٹ منتقل کیا گیا، ملزم کے خلاف تھانہ فتح شاہ وہاڑی میں انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت سال 2014 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا، ملزم کو پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے این سی بی انٹرپول پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ این سی بی انٹرپول پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے، سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کیلئے دنیا میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں۔