غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 21 فسلطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق حالیہ حملہ مغربی رفح کے علاقے المساوی میں ہوا جہاں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کا کیمپ موجود تھا۔
یہ وہی علاقہ ہے جسے اسرائیلی فوج کی جانب محفوظ علاقہ قرار دیا گیا تھا اور فلسطینیوں کو اس علاقے میں منتقل ہونے کا کہا گیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق رفح میں اسپتال نہ ہونے کی وجہ سے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتوں اور زخمیوں کو انٹرنیشنل میڈیکل کور کے فیلڈ اسپتال لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل رفح میں اسرائیلی فوج نے محفوظ قرار دیے گئے علاقے میں موجود کیمپ پر بمباری کی تھے جس کے نتیجے میں 75 سے زائد فلسطینی زندہ جل کر شہید اور درجنوں جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔
اسرائیلی بمباری سے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں آگ لگ گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں شہادتیں آگ میں جھلسنے کی وجہ سے ہوئیں،پناہ گزین کیمپ میں شمالی غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں مقیم تھی۔