وزیر دفاع خواجہ آصف نے مشورہ دیا ہے کہ اگر تحریک انصاف کو کشیدگی کم کرنی ہے تو بانی پی ٹی آئی اپنا منہ بند رکھیں۔
گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا مجیب الرحمان سے متعلق ٹوئٹ سے پیچھے ہٹنے کی کوشس کی جا رہی ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ پی ٹی آئی کو کسی پوسٹ سے پیچھے ہٹنا پڑا ہے لیکن انہیں لگتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کشیدگی کو بڑھانا چاہتے ہیں اور دوبارہ 9 مئی جیسی کوشش کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی سانحہ مشرقی پاکستان کا حوالہ دے کر کشیدگی بڑھانا چاہتے ہیں، سیاست یا کھیل میں جس نے بھی بانی پی ٹی آئی سے اچھائی کی سب کو انہوں نے ڈنگ مارا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا جنرل باجوہ باپ، جنرل فیض ان کا چچا ہوتا تھا، اب سارا ملبہ ان ہی پر ڈال رہے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر ہوئی تھی جس کی تحقیقات کے لیے گزشتہ روز ایف آئی اے کی ٹیم اڈیالہ جیل بھی گئی تھی۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بیرون ملک سے چلتا ہے اور جو بھی ویڈیو اپ لوڈ کی گئی اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔