پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد کپتان بابر اعظم کو ورلڈکپ کیلئے اہم مشورہ دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہوگئی ہے۔
سابق کپتان شعیب ملک نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بابر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ ورلڈکپ میں اوپننگ کرنے کے بجائے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں۔
شعیب ملک نے لکھا کہ میرے خیال میں بابر اعظم کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے کیوں کہ ہمیں مڈل آرڈر میں ایسا بیٹر چاہیے جو اسٹرائیک تبدیل کرسکے اور بابر آپ ہمارے لیے بہترین آپشن ہیں۔
اس کے علاوہ شعیب ملک نے شاداب خان اور اعظم خان کے حوالے سے کہا کہ آپ دونوں ہماری ٹیم کے لیے اہم ہیں، اپنے اعتماد کو مت کھوئیں، دل سے کھیلیں ، آپ میچ ونرز ہیں ورلڈکپ میں بلند حوصلے کرکے جائیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہورہا ہے، ایونٹ یکم جون سے شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے میں پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا سے ہو گا۔