پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق سمری میں کنفیوژن کا معاملہ سامنے آگیا۔
ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کو بھیجی گئی سمری وزارت خزانہ سے آئی تھی، وزیراعظم کوبھیجی گئی سمری میں اعداد وشمار گزشتہ نظرثانی کے تھے، 15مئی کو عوام کو دی گئی ریلیف 15 روپے سے زائد کی تھی۔
ذرائع وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ سمری کی منظوری کے ساتھ وزیراعظم نے اعداد وشمار کی دوبارہ تصدیق کاکہا۔
ذرائع نے بتایاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روپےسے زیادہ کمی پروزارت خزانہ کو غلطی کا احساس ہوا، وزارت خزانہ کی جانب سے غلطی کا احساس ہونے پر وزیراعظم آفس سے رابطہ کیا گیا اور دوبارہ تصحیح شدہ سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کوبھجوائی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم آفس نے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 90 پیسے کمی کی سفارش کی تھی تاہم وزارت خزانہ نے وزیراعظم آفس کی ہدایت کے برعکس پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا۔