گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنی متنازع ٹوئٹ سے انکار کریں یا پھر اپنی نا اہلی تسلیم کریں۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے ہمراہ لاہور میں رہنما پیپلز پارٹی عزیز الرحمان چن کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کر بحرانوں سے نکالنےکے لیےکردار ادا کرنا چاہیے اور مسائل حل کرنے کےلیے پارلیمنٹ ہی بہتر فورم ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا اداروں میں ٹکراؤ نہیں ہوناچاہیے اور اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کرکام کرناچاہیے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ محبت ان شا اللہ چلتی رہے گی، انہیں کھانےکی دعوت دی ہے لیکن شاید وہ کچھ ہچکچا رہے ہیں۔
گورنر کے پی فیصل کنڈی کا کہنا تھا کل تک بانی پی ٹی آئی کی ٹوئٹ ان کے اکاؤنٹ پر موجود تھی، وہ یا تو ٹوئٹ سے انکار کریں یا پھر اپنی نااہلی تسلیم کریں۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آپ سوشل میڈیا کے خیبرپختونخوا کو دیکھ کر چیزوں کا اندازہ مت لگائیں، میرے ساتھ آئیں میں آپ کو گورنر ہاؤس سے خیبرپختونخوا دکھاتا ہوں۔