پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے خلاف چمن میں بارڈر روڈ پر7 ماہ سے جاری دھرنا مظاہرین کی جانب سے مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں پر حملےکیےگئے، حملوں میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور 4 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق دھرنا مظاہرین نے مختلف علاقوں میں انسداد پولیو مہم روکنے کی کوشش کی اور لیویز اہلکاروں سے اسلحہ اور پولیو ٹیم سے ویکسینیشن باکس چھیننے کی کوشش کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر راجا اطہر عباس کا کہنا ہےکہ انسداد پولیو مہم ہر حال میں جاری رہےگی، پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے اضافی نفری بھیجی گئی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے چمن میں انسدادپولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کےخلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے اورکہا ہےکہ پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والے ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہیں،انسدادِ پولیو کی ٹیموں پر حملوں میں شدت پسند عناصر ملوث رہے ہیں، شدت پسند ایسی کارروائیوں سے افراتفری اور لوگوں کو ہراساں کرنا چاہتے ہیں۔