کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ جمالی پل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
ابتدا میں واقعہ ڈاکوؤں سے مقابلہ بتایا گیا تھا لیکن بعد کی تحقیق میں پولیس کا بتانا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سہراب گوٹھ گنا منڈی کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے یاسین نامی پولیس اہلکار شہید اور سلمان عباس نامی اہلکار زخمی ہوگیا۔
حکام کا بتانا ہے کہ اہلکاروں کو مویشی منڈی کے پکٹ پر تعینات کیا گیا تھا۔ واقعہ ابتدائی طور پر ٹارگٹ کلنگ ہے ،جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے تین خول ملے ہیں ، شہید اہلکار یاسین کو دو گولیاں اور زخمی کو بھی دو گولیاں لگی ہیں۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے 5 سے زائد فائر کیے، ہائی وے پر اہلکار پانی پی کر سائے دار مقام پر موجود تھے کہ ملزمان نے باقاعدہ نشانہ لیکر فائرنگ کی ، ملزمان نے اہلکاروں کو پیچھے سے گولیاں ماریں جو کمر میں لگیں جس کے بعد ملزمان سہراب گوٹھ گنا منڈی کی جانب فرار ہوگئے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں اور ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پورے ضلع کی فورس لگا دیں۔